ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / روہت شرما نے منائی رنوں کی دیوالی ، سنچری لگاکر توڑے تین ورلڈ ریکارڈ ، شعیب ملک کو بھی چھوڑا پیچھے

روہت شرما نے منائی رنوں کی دیوالی ، سنچری لگاکر توڑے تین ورلڈ ریکارڈ ، شعیب ملک کو بھی چھوڑا پیچھے

Wed, 07 Nov 2018 10:54:54  SO Admin   S.O. News Service

لکھنو،7؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما نے اپنے بلے سے کہرام مچا دیا ۔ روہت شرما نے لکھنو میں 61 گیندوں میں ناٹ آوٹ 111 رن بنائے، جس کی بدولت ٹیم انڈیا نے 195 رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کیا ۔ اپنی اس سنچری کے دوران روہت نے ایک نہیں بلکہ تین تین عالمی ریکارڈ توڑ ڈالے۔

روہت شرما دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں ، جس نے ٹی 20 میں چار سنچریاں بنائی ہیں ۔ انہوں نے تین سنچری بنانے والے کالن منرو کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ آپ کو بتادیں کہ ہندوستان کیلئے اب تک روہت کے علاوہ کوئی بھی دوسرا بلے باز ایک سے زیادہ ٹی 20 سنچری نہیں بناسکا ہے۔

علاوہ ازیں روہت شرما دنیا کے پہلے کپتان ہیں ، جس نے ٹی 20 میں دو سنچری بنائی ہو ۔ اپنی اس سنچری سے روہت شرما نے وراٹ کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ۔ روہت اب ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ ٹی 20 رن بنانے والے بلے باز بھی بن گئے ہیں ۔ ساتھ ہی ساتھ روہت شرما نے پاکستانی بلے باز شعیب ملک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملہ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔

روہت شرما کے نام ٹی 20 انٹرنیشنل میں اب 2203 رن ہوگئے ہیں جبکہ شعیب ملک کے نام 2190 رن ہیں ۔ اس فہرست میں مارٹن گپٹل سب سے اوپر ہیں اور ان کے نام 2271 رن ہیں ۔یہی نہیں روہت شرما نے ٹی 20 میں 19 ویں مرتبہ 50 سے زیادہ رنوں کی اننگز کھیلی ہے۔ انہوں نے وراٹ کوہلی کے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔

روہت شرما نے لکھنو ٹی 20 میں کل سات چھکے لگائے ۔ اس کے ساتھ ہی وہ انٹرنیشنل کرکٹ کے ایک کلینڈر سال میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کرکٹر بھی بن گئے ہیں۔ گزشتہ سال روہت شرما نے 65 چھکے لگاکر ٹاپ کیا تھا۔


Share: